ہمارے ملک کے سیاستدان مفاد پرست ثابت ہوئے، مولانا فضل الرحمان

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کے سیاستدان مفاد پرست ثابت ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بی این پی کے بانی سردار عطاء اللہ مینگل کی یاد میں تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی جس میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سردار عطاء اللہ خان کے تعزیتی ریفرنس میں شریک ہونے آیا ہوں، عطاء اللہ مینگل کی میرے والد سے پرانی رفاقت تھی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، پاکستان کا آئین چار ستونوں پر کھڑ ا ہے، یہ ملک اسلامی ہے اور آئین سازی میں قرآن و سنت کو ملحوظ رکھا  گیا ہے، مملکتی نظام میں عوام کی شراکت آئین میں ہے، یہ ملک وفاقی ہے جس میں چار یونٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چوتھا ستون پارلیمنٹ کی بالا دستی اور آئین سازی عوام کے منتخب نمائندے کریں گے، آج پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے حکمران اتحاد کو سر جوڑ کے بیٹھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے کے وقت کچھ حالات ایسے تھے جس کی وجہ سے مجھے چائنا جانا پڑا، چائنا کے حکمرانوں نے کہا کے اتنے بڑے منصوبے کی تکمیل کیسے ہو گی؟ ملک میں دہشت گردی بدامنی ہے۔

مولانا نے کہا کہ جو سی پیک کا حامی ہے وہ امریکہ کا دشمن اور مخالف ان کا دوست ہے، ہم انڈیا کے ساتھ تجارتی تعلق بنائیں تو ملکی مفاد سامنے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات ہونے چاہیے، ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے اس پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے، ایران اور پاکستان کے بہتر تعلقات کی بات کی جاتی ہے اور اجازت بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاست دان مفاد پرست واقع ہوئے، ہمیں اپنی غلطیوں کی طرف بھی دیکھنا ہو گا، دنیا میں جبر کی بنیاد پر حکومتیں قائم ہوتی ہیں، ریاست کو دو چیزوں کی ضرورت ہے۔

مولانا نے کہا کہ دنیا میں انسانوں کے تحفظ کے لیے قانون بنتے ہیں، انسانوں کے تحفظ کے لیے قانون بنائے جاتے ہیں، ہم غلط پالیسیاں بناتے ہیں تو پھر سزا ملتی ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.