پنجاب کے اراکینِ صوبائی اسمبلی کی عمران خان سے ملاقات
پنجاب کے اراکینِ صوبائی اسمبلی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے اراکینِ صوبائی اسمبلی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب میں انتظامی اہداف اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
اس موقعے پر صوبے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی، عوامی مسائل کے حل، امپورٹڈ حکومت کی جانب سے میڈیا پر پابندی، سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی ہتھکنڈوں، صوبے میں ترقیاتی کاموں اور انسانی حقوق کی بہیمانہ خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
تحریک انصاف پنجاب نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران 4 قراردادیں بھی منظور کیں۔
پہلی قرارداد: ملک بھر خصوصاً سیلاب متاثرین سے بھرپور اظہارِ یکجہتی
امداد کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کے ٹیلی تھون سمیت اقدامات کی بھرپور تائید کا اظہار کیا گیا۔
دوسری قرارداد: امپورٹڈ حکومت کے ہاتھوں معیشت کی تباہی
عوام پر کربناک مہنگائی کے بوجھ کی شدید مذمت کی گئی۔
تیسری قرارداد: عمران خان پر اعتماد
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
چوتھی قرارداد:
سرکاری چینل و ریاستی وسائل کے بل پر چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مذہبی منافرت پر مبنی شرمناک پراپیگنڈے کی شدید ترین مذمت کی گئی۔
اس موقعے پر پنجاب میں اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کے مابین اشتراک میں مزید بہتری لانے پر مکمل اتفاق ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کے اظہار کے ساتھ ان کے عمدہ انتظامی اقدامات و منصوبہ جات کی بھرپور تحسین کی گئی۔
اجلاس میں اراکینِ صوبائی اسمبلی کے انفرادی مسائل کے حل کی حکمتِ عملی کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پنجاب کی صوبائی کابینہ کی ملاقات
ملاقات میں پنجاب کے انتظامی و سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقعے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
عمران خان نے اس موقعے پر کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے، پرویز الہٰی ایک عملی سیاستدان ہیں، ہم نے بھرپور ساتھ دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف سے عوام حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل توقع کر رہے ہیں، پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے موقف پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے، فوری انتخابات تحریک انصاف کی ضرورت نہیں ملک کی ضرورت ہیں، انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے، پرامن انتخاب کے ذریعے رستہ فراہم کیا جائے۔
Comments are closed.