پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے، شیخ رشید
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا، مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
PDMنےقوم کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا،مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔حکومت کو3دن سے پٹرول مافیا قیمت کم نہی کرنے دے رہا۔مفاہمت یا مزاہمت اس کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ وزراء اپنے حلقوں میں نہی جاسکتے۔بلاول پاکستان میں بطور مہمان اداکار آتے ہیں دفتر نہی جاتے۔21وزراء بے محکمہ ہیں
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 18, 2022
’21 وزراء بے محکمہ ہیں’
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو 3دن سے پیٹرول مافیا قیمت کم نہیں کرنے دے رہا، مفاہمت یا مزاہمت اس کا فیصلہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزراء اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے، بلاول پاکستان میں بطور مہمان اداکار آتے ہیں دفتر نہیں جاتے، 21 وزراء بے محکمہ ہیں۔
‘نیب ترامیم کالعدم ہونگی’
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکمرانوں کے 150کرپشن ریفرنس کی واپسی کو سپریم کورٹ انشاء اللہ بحال کرے گی، نیب ترامیم کالعدم ہوں گی اور 1کروڑ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ 70وزراء کی تعداد آئین کے منافی ہے اس کے خلاف ہائی کورٹ جاؤں گا، پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے، اقتصادی بحران انتہائی سنگین ہوگیا ہے۔
نیب قانون میں ترمیم، ریفرنسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا
قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں ترامیم کے بعد نیب ریفرنسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق قوانین میں ترمیم کے بعد نیب کی جانب سے 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیئے ہیں۔
واپس کیے گئے ریفرنسز میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز شامل ہیں۔
اسی طرح سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ کرپشن ریفرنس، سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے خلاف کرپشن ریفرنس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے خلاف کرپشن ریفرنس واپس کر دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے واپس کیے گئے ریفرنسز میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس اور مضاربہ اسکینڈل، کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس کر دیئے گئے ہیں۔
نیب ترمیمی بل: ’’ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے‘‘
گزشتہ روز مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ این آر او 2 کے تحت من پسند احتساب کی بندر بانٹ کے نتائج آنا شروع ہو گئے، احتساب عدالتوں کی جانب سے 50 سے زائد کرپشن کے ریفرنسز واپس کر دیئے گئے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سازش کے تحت اقتدار حاصل کر کے اپنے کیسز ختم کرنے کے مشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور پی ڈی ایم کا ٹولہ پتلی گلی سے نکل گیا ہے۔
مشیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ شریف برادران، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو کلین چٹ مل گئی، عشروں ملکی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے، اندھا بانٹے ریوڑیاں، مڑ مڑ اپنوں کو دے کی جیتی جاگتی مثال نیب ترمیمی بل ہے۔
Comments are closed.