بیرون ملک سے آئی ہوئی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم ہوتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ


وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آئی ہوئی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 30ملین ایکڑفٹ پانی صوبے میں آیا، سندھ میں ایوریج سے 800فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ فلاں وڈیرا فیصلے کررہا ہےغلط ہے، تمام فیصلے ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ کرتا ہے اور سندھ حکومت نے ہر فیصلہ محکمہ آب پاشی کے ساتھ ملکر کیا ہے۔

‘مشکل وقت میں سب وزیراعلیٰ کی طرف دیکھتے ہیں’

مراد علی شاہ نے کہا کہ مختلف مقامات سے بہت شکایات آئی ہیں، مشکل وقت میں سب وزیراعلیٰ کی طرف دیکھتے ہیں، متعلقہ حکام کو بہت ڈانٹا ہے، بڑے آفت میں ایسا ہوتا رہتا ہے، سیکریٹری کو حیدرآباد میں بٹھایا اور کہا اپنے اختیارات استعمال کریں، متعلقہ حکام کو فیلڈ میں جانا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اب تک ساڑھے 3لاکھ راشن بیگز تقسیم کیے، 38ہزار مچھردانیاں بھی سڑکوں پر ہیں، تقسیم کریں گے۔

‘کئی علاقوں میں 10 فٹ تک پانی کھڑا ہے’

انکا کہنا ہے کہ سکھر بیراج کی کچھ کینال کو کنٹرول طریقے سے کھولا گیا، سیہون میں نکاسی آب کے لیے 4 جگہوں پر کٹ لگائے ہیں، کٹ لگانے کا فیصلہ محکمہ آبپاشی کرتا ہے، کئی علاقوں میں 10 فٹ تک پانی کھڑا ہے، منچھرجھیل سےسارا پانی ہم نے نکال کر دریا میں بھیجنا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ لیفٹ بینک کا سارا پانی ایل بی اوڈی کے ذریعے سمندر میں جائے گا، ایک دن پہلے بھی کٹ آتا تو دادو نہیں بچ پاتا۔

‘لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے’

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے جو امداد آتی ہے وہ این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم ہوتی ہے، ریلوے لائنز کو بھی آپریشن کرنے کے لیے اقدام کررہے ہیں، این ڈی ایم اے نے شروع میں خیمے دیئے تھے، 2لاکھ 16 ہزار خیمے گزشتہ روز تک بانٹ دیئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ متاثرین کے سر پر چھت نہیں ہے، گھر گر چکے ہیں، متاثرین کو ایک لاکھ 561 ترپال بھی دی جا چکی ہیں،ساڑھے 17ہزار خیمے اب تک سڑکوں پر ہیں، کچھ آج کچھ کل پہنچ جائیں گے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.