امپورٹڈ حکومت عمران خان کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے پر لگی ہے، شوکت یوسف
وزیر محنت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے پر لگی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے ایف آئی اے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی بلائیں گے، جہاں بھی بلائیں گے، ہم پیش ہوں گے، ہمیں اپنی عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔
‘حکومت مہنگائی کم کرنے میں ناکام ہوگئی’
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت مہنگائی کم کرنے میں ناکام ہوگئی، حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکی، یہ لوگ عمران خان کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے پر لگے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کچھ بھی خفیہ نہیں، ہم یہاں اکاؤنٹ ہولڈ کرتے تھے، بے نامی کہاں سے آگیا، سب کہتے ہیں ان کا دستخط ہے، بے نامی تو وہ ہوتا ہے کہ جسے اون نہ کیا جائے، ہم اون کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جو ملازمین تھے ہم انہیں تنخواہیں دیتے تھے، جب پارٹی نے اکاؤنٹ کھولا تب سے چل رہا ہے، پارٹی کے تقاریب چندے سے ہوتے تھے، کوئی چیز خفیہ نہیں، ہم چاہتے ہیں ادارے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ امیر مقام سے کہیں خدا کے لیے مانگنا چھوڑ دیں، توشہ خانہ پکڑا ہوا ہے، یہ غلط طریقوں سے مقدمے بنارہے ہیں، مجھے سوالنامہ دیا گیا، جواب دوں گا۔
‘عمران خان واحد ایماندار لیڈر ہے’
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مخیرحضرات پی ٹی آئی پر اعتماد کر کےعطیات دیتے ہیں، عمران خان کو عوام عطیات دیتے ہیں، عمران خان واحد ایماندار لیڈر ہے جس کو ساری دنیا جانتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کو سندھ، بلوچستان لے کر گئے، انکو خیبرپختونخوا بھی لایا جاتا، کیا خیبرپختونخوا والے پاکستانی نہیں؟
‘عمران خان کا ٹیکنیکل ناک آؤٹ کسی صورت قبول نہیں ہوگا’
دو دن قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا تھا کہ عدالتوں کا فیصلہ جو بھی ہو اسے سب قبول کرتے ہیں لیکن عمران خان کا ٹیکنیکل ناک آؤٹ کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔
اسی حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان توہین عدالت کیس میں کوئی ضد اور انا نہیں بلکہ مس انڈر اسٹینڈنگ ہے جسے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر دہشتگردی کے مقدمے کے معاملے پر تحریری جواب جمع کروادیا ہے۔
Comments are closed.