شہر قائد آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں، پارہ 41 تک جانے کا امکان
شہر قائد آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث پارہ 41 تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہیں البتہ گرمی کی لہر 14 ستمبر تک جاری رہے گی۔
ماہرین کا مشورہ
جسم کو تروتازہ رکھنے والے مشروبات کا استعمال کیا جائے اور کیفین والے مشروبات سے پرہیز کیا جائے کیونکہ ان سے جسم کا پانی زیادہ مقدار میں نکلتا ہے، سخت گرمی کے ماحول میں باہر جانے سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے۔
گرمی کے امراض سے بچاؤ کے لیے آدھی آستین والے کپڑے پہننے کی صورت میں دھوپ سے جلد متاثر ہوسکتی ہے، ان دنوں ڈھیلے ڈھالے کپڑے استعمال کیے جائیں۔ کاٹن کے کپڑوں کو ترجیح دی جائے۔ آنکھوں کی حفاظت کے لیے دھوپ کا چشمہ استعمال کیا جائے۔
اگر آپ ورزش کے عادی ہیں تو سخت گرمی میں ایسا نہ کریں۔ ہلکی پھلکی ورزشوں پر اکتفا کریں، ورزش رفتہ رفتہ بڑھائیں۔ ورزش کے اوقات میں کمی کریں۔ جسم سے نکلنے والے پسینے کا تدارک پانی پی کر کرتے رہیں۔ پیاس لگے نہ لگے تب بھی پانی پیئں۔ ورزش کے لیے مناسب وقت کا انتخاب کریں بہتر ہوگا کہ صبح سویرے یا سورج غروب ہونے کے بعد ورزش کریں۔
Comments are closed.