حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، پرویز الٰہی


پرویزالٰہی

چودھری پرویز الٰہی

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے پلان پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے دوران چودھری پرویز الٰہی نے وفد کو سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جس پر طاہر جاوید نے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کو مفت سولر پمپس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

چودھری پرویز الٰہی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کا مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے جذبہ قابل تعریف ہے، امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں، جوبائیڈن اور ان کے وفد سے ظہور الٰہی ہاؤس میں ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں سیلاب سے اتنی بڑی تباہی کبھی نہیں آئی، میں نے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس میں مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی امدادی پیکیج بھی دیا ہے، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے اس موقعے پر کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن امداد کریں گے، وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے فوری اقدامات کئے ہیں، پرویز الٰہی کی سیلاب زدگان کی آبادکاری کیلئے موثر حکمت عملی قابل تحسین ہے، محدود وسائل میں اتنے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھانا وزیر اعلیٰ کی مدبرانہ حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔

ملاقات کے دوران طاہر جاوید نے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو امریکہ کے دورے کی بھی دعوت دی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کرنے والے وفد میں فاروق ارشد، خاور بیگ، ریحان صدیقی، عامر محمود، راؤ خورشید، شاہد بھنڈر اور دلاور شامل تھے۔

پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ جی ایم سکندر بھی اس موقعے پر موجود تھے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.