لڑکی کی بازیابی سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ اوردیگرکو نوٹس جاری

عدالت نے لڑکی کی بازیابی سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ اوردیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ 

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے آئی جی سندھ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایس ایس پی ایسٹ اوردیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ کو آئندہ سماعت تک مغویہ کی بازیابی کی ہدایت کردی۔

درخواست گزار بلاول نے مؤقف پیش کیا کہ میری بہن 29 جون 2021  کو گھر سے گئی تھی جس کے بعد واپس نہیں آئی ہے۔ خالد نامی شخص نے درخواست گزار کو کال کی اور کہا کہ بشریٰ میرے پاس ہے۔

لیاقت گبول وکیل درخواست گزارنے کہا کہ مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرانے کے باوجود اب تک مغویہ کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ ایک سال گزرجانے کے باوجود پولیس مغویہ کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے۔ کیس کا تفتیشی افسردرخواست گزارسے ساڑھے تین لاکھ روپے رشوت مانگ رہا ہے۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں ڈکیتی کے الزام میں ملوث مسمات فرزانہ کی درخواست ضمانت پربھی سماعت ہوئی۔

عدالت نے مسمات فرزانہ کی دو مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزمہ کو 50’50 ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ملزمہ کے خلاف کورنگی میں ڈکیتی کے دو مقدمات درج ہیں۔

وکیل ملزمان کا کہنا تھا کہ مقدمات کے دونوں مدعی نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے تھے۔ ماتحت عدالت بھی دو مقدمات میں ملزمہ کی ضمانت منظور کرچکی ہے۔ ملزمہ سے کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.