عمران خان ایک مقبول قومی رہنما ہیں، عمران اسماعیل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ایک مقبول قومی رہنما ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری اور اسکے حواری ماضی میں خود عسکری ادارے پر حملہ آور ہوتے رہے اور آج عمران خان کو سبق دے رہے ہیں۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان ایک مقبول قومی رہنما ہیں،اداروں کی بے توقیری کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ اینٹ سے اینٹ بجانے والے آج کل بخل بچہ بننے کی کوششوں میں ہیں،عوام سب جانتے ہیں۔ عمران خان نے ہمیشہ ملکی اداروں کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھا۔
سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈران گھٹیا بیان بازیوں سے ہٹ کر ذرا سندھ کی حالت زار پر بھی توجہ مرکوز کر لیں تو بہتر ہوگا۔
واضح رہے اس سے قبل وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے اپنے یاک بیان میں کہا کہ یوم دفاع و شہداء پر مادر وطن کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف قوم یوم دفاع و شہداء منا رہی دوسری طرف ایک شخص اداروں پر حملہ آور ہے۔
وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اداروں پر حملہ آور ہونا افسوسناک اور قابل مذمت ہے، محض اپنی حکومت ختم ہونے پر یہ شخص ملک و فوج کو کمزور کرنے پر تلا ہوا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیکھنا ہے تو پیپلز پارٹی سے سیکھو، جس نے جانیں دیں مگر صبر کے ساتھ سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔
خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی ایشو کو ذاتی لڑائی میں تبدیل نہیں کیا اور ادارے کو کمزور نہیں ہونے دیا۔
وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان اور اس کے حواری بہت بڑی غلطی کر رہے، اس سے صرف پاکستان کا دشمن خوش ہو رہا ، یہ روش نہ چھوڑی گئی تو پھر حکومت اداروں کی بے توقیری روکنے پر مجبور ہو گی۔
Comments are closed.