یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کی وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ملاقات
یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے مشکل کی اس گھڑی میں سمانتھا پاور کے دورہ پاکستان کو سراہا۔
بلاول بھٹو کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ بے مثال بارشوں نے پاکستان کی تاریخ کے شدید ترین سیلاب کو جنم دیا ہے، تباہ کن سیلاب نے پورے پورے دیہات بہا دیے ہیں، حالیہ سیلاب سے 33 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے، سیلاب کے باعث مرنے والوں کی تعداد 1300 ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چالیس لاکھ ایکڑ پر زیر کاشت فصلیں تباہ ہوئی ہیں، 8 لاکھ مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، سیلاب سے اہم ترقیاتی ڈھانچے کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ بچاؤ اور امدادی کوششوں میں حکومت کی مکمل مصروفیت کے باوجود اس آفت کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی حمایت، یکجہتی اور مدد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے تعاون پر مبنی وسیع تر تعلقات استوار کرنے کا منتظر ہے، ترقی یافتہ ممالک کو اپنی آب و ہوا کے بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہیے، ترقی پذیر دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے پیشن گوئی کے نظام کو بہتر بنانے اور مالی وسائل کی فراہمی اہم ہے۔
بلاول بھٹو نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک وہ تمام اقدامات کریں جو ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کریں گے۔
وزیر خارجہ نے سیلاب کے پیش نظر مالی امداد فراہم کرنے پر یو ایس ایڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بلاول بھٹو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پاکستان نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی شفاف طریقہ کار تشکیل دیا ہے کہ بین الاقوامی مالی امداد کو موثر اور شفاف طریقے سے تقسیم کیا جائے۔
سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی انتظامیہ ان سیلابوں کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے میں مدد کے لیے پاکستان کو اپنی مکمل مدد فراہم کرے گی۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی عوام کے ساتھ امریکہ کی یکجہتی اور حمایت کا خیر مقدم کیا۔
Comments are closed.