ہمارے نام نہاد لیڈرز سیلاب کی صورتحال میں بھی سیاست کر رہے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارے نام نہاد لیڈرز سیلاب کی صورتحال میں بھی سیاست کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پروفیسر احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلابی پانی اترنے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنا پڑے گا، عالمی برادری بھی متاثرہ علاقوں میں بحالی کی سرگرمیوں کیلئے مدد کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں پانی کی سطح تھوڑی کم ہوئی ہے وہاں بحالی کی سرگرمیاں شروع کی جا چکی ہیں پر اندرون سندھ ابھی تک سیلابی پانی میں گھرا ہوا ہے، پوری قوم کو متحد ہو کر سیلاب کی تباہی سے مل کر نمٹنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی بحالی کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے، اتنی بڑی آفت سے کوئی ترقی یافتہ ملک بھی فوری نمٹ نہیں سکتا، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو سیلاب کا سامنا ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان قومی جدوجہد کو چھوڑ کر صرف جلسوں میں مصروف ہیں، عمران خان کو مائنس ون کوئی اور نہیں وہ خود کو مائنس ون کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب کے دوران کروڑوں روپے جلسوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں، آپ 10ہزار افراد کے بجائے ایک کروڑ کے جلسے کریں پھر بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتے، عمران خان آپ پاکستان کے آئین اور قانون سے بالاتر نہیں، عمران خان کے خلاف مائنس ون کی کوئی سازش نہیں ہو رہی، آئین اور قانون کی نظر میں سب برابر ہوتے ہیں۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.