کل ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے، فواد چوہدری
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کل ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی راہنماوں نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، عمران خان کو تکنیکی بنیادوں پر ناک آوٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کل ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے، پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ عمران خان کی اس یکجہتی کی تحریک میں شامل ہوں، کل تحریک انصاف ملک بھر میں ریلیاں نکالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مائنس ون کا فارمولہ چلایا گیا ہے، پاکستان میں سیاسی حالات بہت دگر گو ہیں، عمران خان کے خلاف دہشتگردی سمیت دیگر مقدمات بنا کر نا اہلی کی طرف لے کر جانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جتنے بھی حلقوں میں الیکشن ملتوی کیے گئے وہاں سیلاب نہیں تھا، بلاول بھٹو خود بھی کہہ رہے ہیں کہ الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہیے، کیا بلاول بھٹو بھی ڈرامہ کر رہے ہیں؟ یہ سب لوگ انتخاب کے عمل کو دور لے کر جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو نا اہل کر کے ملک میں جمہوریت برقرار نہیں رہ سکتی، ڈمی وزیر اعظم کوئی اور ہے اور فیصلے کہیں اور سے ہو رہے ہیں، عمران خان کو الیکشن سے دور کرنے کا مطلب پاکستان کو بنانا ری پبلک بنانا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کل عمران خان اپنے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، سیاست حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے، سیاست کا فیصلہ کورٹ روم میں طے نہیں عوام نے کرنا ہے، شہباز شریف کی ہائیکورٹ آمد پر صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بدلنے سے پہلے ہم وفاقی حکومت کو بدل دیں گے۔
Comments are closed.