پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے پر اسلم غوری کا رد عمل
پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے پر ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا رد عمل سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیازی کمپنی حالت نزع میں ہے، پشاور جلسے نے نیازی کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے عوام دس سال سے نیازی کی نااہل حکومت کو جھیل رہے ہیں ، آج کے جلسے میں عوام کی عدم شرکت نیازی پر عدم اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ نیازی اینڈ کمپنی کے جھوٹ سن سن کر عوام تنگ آچکی ، عوام اس کے دور اقتدار کی نالائقی بھولی نہیں۔
ترجمان جے یو آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران نیازی مداری ہے ، مداریوں کی طرح کچھ وقت تک تو جھوٹے وعدوں سے قوم کو دھوکہ دیا لیکن اب عوام پر اس کی اصلیت آشکارا ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ضمنی انتخابات میں ذلت آمیز شکست نیازی کا مقدر ہے، پشاور کے عوام کو نیازی کے جلسے میں شرکت نہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے مزید کہا کہ نیازی اقتدار جانے کا غم ختم کرنے کے لئے چند دن اور ڈرامہ بازیاں کرتا رہے گا، جلد ہی یہ ڈرامے بھی ختم ہوجائیں گے۔
واضح رہے اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخری مرتبہ پشاور میں اپریل میں جلسہ کیا، بیرونی قوتوں کی سازش کے بعد پشاور میں ہی پہلا جلسہ کیا، پشاور کے عوام نے کبھی مایوس نہیں کیا۔
قوم کو جگانا میرا فرض ہے
عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف منظم پروپگنڈا چل رہا ہے، آپ لوگوں میں سیاسی شعور پیدا کرنا میرا فرض ہے، میں آپ لوگوں کو حقیقی آزادی کی طرف لے کر جا رہا ہوں، میری کوشش ہے کہ قوم کو زنجیروں سے آزاد کروں، قوم کو جگانا میرا فرض ہے۔
30 سال سے چوروں کا ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے
ان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ امریکی سازش کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا، 30 سال سے چوروں کا ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بنائیں گے، جب تک امپورٹڈ چور حکومت میں ہے تب تک دنیا آپ کی عزت نہیں کرے گی، امپورٹڈ کرائم منسٹر ساری دنیا سے بھیک مانگ رہا ہے، ایسے آدمی کو کوئی وزیراعظم نہیں مانتا، اگر شہباز شریف میں غیرت ہوتی تو چوری کا پیسہ پہلے ملک لاتے۔
چوروں کا ٹولہ ہمیں ہرا نہیں سکتا
چیئرمین پارٹی نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ ہمیں ہرا نہیں سکتا، فضل الرحمن بھی چوروں میں سے ایک ہی ہے، سب کو پتا ہے کہ الیکشن ہوئے تو خان جیت جائے گا اس لیے مجھے نااہل کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کی کوشش ہے کہ عمران کو میچ میں ہرا دیں، نواز شریف اربوں روپے لے کر مفرور ہوا ہے، نواز شریف دہشتگردوں کا سردار ہے، نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے بھاگا، انہیں ڈر تھا عمران خان رہ گیا تو یہ جیل میں چلے جائیں گے، کیا یہ چور ملک کے لیڈر ہو سکتے ہیں؟
میں عدلیہ کی عزت کرتا ہوں
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ حقیقی آزادی کیا ہے، غلامی کی زنجیریں انسان کی پرواز روکتی ہیں، قوم میں شعور آگیا ہے قوم سب کچھ سمجھتی ہے، میں عدلیہ کی عزت کرتا ہوں، تحریک انصاف کو اداروں سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، مجھے جتنا دیوار سے لگایا جائے گا میں اس سے زیادہ مقابلہ کروں گا، اپنی قوم کو تیار کر رہا ہوں جب کال دوں تو باہر نکلے۔
معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے
ان کا کہنا تھا کہ اب معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، 4 ماہ میں کیا قیامت آگئی کہ بجلی کی قیمت 18 سے 50 روپے تک چلی گئی؟ ہمارے دور میں پیٹرول کی قیمت کنٹرول میں تھی، 150 روپے لیٹر دے رہے تھے اب وہ 234 تک پہنچ گیا۔
ہم اپنے اداروں کی عزت کرتے ہیں
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو یہ چور کبھی بھی ختم نہیں کر سکتے، ہم اپنے اداروں کی عزت کرتے ہیں، قوم میری کال کا انتظار کرے وہ کال ملک کو بچانے کی ہو گی۔
Comments are closed.