پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رقم ہے، ائیر چیف

سربراہ پاک فضائیہ مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رقم ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز پر 07 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا ہے اور اسی سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رقم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ قوم کی پکار پر لبیک کہا اور 1948، 1965 اور 1971 کی جنگوں، آپریشن سینٹینل اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران اپنے خون سے عظیم داستانیں رقم کیں۔

پاک فضائیہ نے آباؤ اجداد کی عظیم روایات کے بدولت ترقی کی ہے اور ہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے خلائی، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر، مخصوص ٹیکنالوجیز اور قومی دفاعی صلاحیت میں ترقی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران امدادی کاروائیوں اور ریسکیو کے عمل میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ اس موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے آظہار یکجہتی کرتے ہیں اور حقِ خود ارادیت کے حصول کی خاطر اُن کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ترجمان کے مطابق تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران، ائیرمین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں اس تاریخی دن کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر ائیر وائس مارشل زعیم افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.