پاک اور افغان تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں، صدر مملکت
صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاک اور افغان تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے افغانستان میں پاکستان کے نامزد سربراہِ مشن عبید الرحمٰن نظامانی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک -افغان تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں، دوطرفہ تجارت کے فروغ، تاجر برادری کے ساتھ نیٹ ورکس کی تعمیر اور اشیاء کی کلیئرنس ہموار بنا کر تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اسے خطے میں تجارتی اور توانائی کی راہداری بنانے کی راہ ہموار کرے گا جبکہ افغانستان میں استحکام سے وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ میں بھی تیزی آئے گی اور افغانستان میں امن سے کاسا 1000 ٹاپی اور ٹی اے پی منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی آئے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان طلباء کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی کے آن لائن یا ریکارڈ شدہ تعلیمی پیکجز پیش کر سکتا ہے، پیکجز سے افغان طلباء کو تعلیمی اداروں میں جائے بغیر معیاری تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملےگی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان اشیاء کے تبادلے میں تیزی لانے کیلئے سرحدی منڈیوں کے قیام اور ریگولرائزیشن پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقدام سے جلد خراب ہونے والی اشیاء کے ضیاع کو کم کرنے سے بارڈر کے علاقوں کی عوام کو معاشی بہبود میں مدد ملے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ امید ہے مشن کے نئے سربراہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں کردار ادا کریں گے۔
Comments are closed.