وزیرتعلیم سندھ کی اساتذہ بھرتی عمل میں سست روی سے کام لینے والے افسران کو فائنل وارننگ


وزیر تعلیم سندھ

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے اساتذہ بھرتی عمل میں سست روی سے کام لینے اور امیدواروں کی طرف سے شکایات پر افسران کو فائنل وارننگ دے دی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ضلعی تعلیمی افسران سے برہمی کا اظہارکیا۔

اجلاس میں وزیر تعلیم سندھ نے اساتذہ بھرتی عمل میں سست روی سے کام لینے اور امیدواروں کی طرف سے شکایات پر افسران کو فائنل وارننگ دی۔

‘مجھے اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہیں’

انہوں نے کہا کہ مجھے اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل کے حوالے سے ضلعی تعلیمی افسران کے دفتر کے خلاف شکایات موصول ہو رہی ہیں، مجھے ریکارڈنگ بطور ثبوت تک موصول ہوئی ہیں، ضلعی تعلیمی افسران کی شناخت ہوگئی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ نے افسران سے سوال کیا کہ وزیر تعلیم کے دفتر سے کوئی دباؤ ہے یا کوئی تنگ کر رہا ہے تو مجھے بتاؤ۔

سردار علی شاہ نے محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں میں دباؤ ڈالنے والوں کو ابھی سزا دوں گا۔

اساتذہ کی بھرتیوں میں پیسے مانگنا حرام ہے’

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ ضلعی تعلیمی افسران کے دفتر سے اساتذہ کی بھرتیوں میں پیسے کی مانگ کی جاتی ہے تو یہ آپ کے اور میرے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے، اساتذہ کی بھرتیوں میں پیسے مانگنا حرام ہے۔

سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ کوئی رکن قومی و اسمبلی کا بندہ اگر بھرتی کے لیے سفارش کرے یا دباؤ ڈالے تو مجھے بتاؤ، اسی وقت گرفتار کراؤں گا۔

‘اساتذہ کی بھرتی کا عمل 15 اکتوبر تک مکمل کیا جائے’

گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نے محکمہ تعلیم کے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی تھی کہ وہ جی ای ایس ٹیز اور پی ایس ٹیز کی آسامیوں کیلئے کامیاب ہونیوالے تمام امیدواروں کی تعیناتی کو 15 اکتوبر 2022 تک ہر صورت میں یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی ۔

سردار علی شاہ نے کہا تھا کہ سندھ میں تدریسی نظام کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ تعیناتی کے عمل کو مکمل کیا جائے۔

انہوں نے تعیناتی کے عمل میں سست روی برتنے والے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی واضع ہونے کے باوجود بھی پاس ہونے والے امیدواروں کا بھرتی عمل کو مقررہ وقت پر مکمل نہ کرنا حیران کن ہے ۔

 

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.