وزیراعظم کی برطانوی کنگ چارلس کو تخت نشینی پر مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی کنگ چارلس دوئم کو تخت نشینی پر مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی جانب سے بادشاہ چارلس دوئم کو تخت نشین ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی عوام بادشاہ چارلس دوئم کے دور حکومت میں ترقی کرتے رہیں گے۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ بن گئے
شاہ چارلس نے ہفتے کے روز اپنی آنجہانی والدہ کی مثال پرعمل کرنے کا عہد کیا۔ سینٹ جیمز پیلس میں ایک تاریخی تقریب میں الحاق کونسل نے انھیں باضابطہ طور پر برطانیہ کا نیا بادشاہ قراردیا ہے۔
73سالہ چارلس جمعرات کو اپنی والدہ ملکہ ایلزبتھ کی وفات کے فوری بعد ان کے جانشین بن گئے تھے لیکن ہفتے کے روزالحاق کونسل نے اپنا اجلاس منعقد کیا اوراس میں نئے بادشاہ کے بیٹے اور وارث شہزادہ ولیم، اہلیہ کمیلا اور برطانیہ کی نئی وزیراعظم لیز ٹرس نے ایک اعلامیے پر دستخط کیے۔
اس میں شہزادہ چارلس کو قانونی طور پربادشاہ قراردیا گیا۔ کونسل کے باضابطہ اجلاس کے دوران میں چھے سابق وزرائے اعظم، اسقفوں اور بہت سے سیاست دانوں نے ’’خدا بادشاہ کی حفاظت فرمائے‘‘ کا نعرہ بلند کیا۔
اس اجلاس میں چارلس نے بہ طوربادشاہ اپنی افتتاحی تقریرمیں کہا کہ میں اس عظیم وراثت اورخودمختاری کے فرائض اور بھاری ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہوں، جو اب مجھے سونپی جاچکی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ’’ان فرائض کی انجام دہی میں، میں آئینی حکومت کی پاس داری اور ان جزائراور دنیا بھر میں دولت مشترکہ کے علاقوں اوران کے عوام کے امن، ہم آہنگی اور خوش حالی کے حصول کے لیے قائم کی گئی متاثرکن مثال پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا‘‘۔
Comments are closed.