ملک میں عذاب آیا ہوا ہے مگر شہباز شریف امریکہ پہنچے ہوئے ہیں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں عذاب آیا ہوا ہے مگر شہباز شریف امریکہ پہنچے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے چکوال میں ہونے والے پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون میں میری قوم نے مجھے 14 ارب روپے دیے۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بہت سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، سندھ میں جہاں پانی کھڑا ہو گیا وہاں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت 14 سال سے چل رہی ہے، ہمارے دور میں دریائے سندھ کے کنارے سیہون تک نہر مکمل کی گئی، سندھ حکومت نے سیہون سے آگے نہر نہیں بننے دی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بے حسی ایسی ہے کہ وہ ملک سے باہر کے دورے کر رہے ہیں، ملک میں اتنا بڑا عذاب آیا ہوا ہے اقوام متحدہ میں جانے کی کیا ضرورت تھی؟
چیئرمین پارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو بھی بیرون ملک چلے گئے، ان حالات میں کون اپنا ملک چھوڑ کر بیرون ملک جاتا ہے؟ اگر باہر چلے ہی گئے تھے تو ملک کی عزت میں اضافہ ہی کر دیتے۔
Comments are closed.