صحت مند سرگرمیوں میں اضافے کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے،پرویز الہٰی

پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ صحت مند سرگرمیوں میں اضافے کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں پنجاب کے دور دراز علاقوں کے نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے پر گفتگو کی گئی جبکہ پنجاب میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے ایشیا کپ کے فائنل میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی جیت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مونس الہٰی نے کہا کہ میری دعائیں اور نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ یقین ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیت کر وطن لوٹے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، سپورٹس بالخصوص کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

 چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے جبکہ پنجاب حکومت ینگ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے رمیز راجہ نے قابل قدر خدمات سرانجام دیں جبکہ کرکٹ نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے، نوجوان کرکٹرز کو تمام سہولتیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں جبکہ صحت مند سرگرمیوں میں اضافے کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے۔

اس موقع پر رمیز راجہ نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کا سپورٹس کے فروغ کیلئے ویژن قابل تحسین ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.