سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے، سراج الحق

سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکمران اپنے اثاثوں میں سے سیلاب زدگان کے لیے رقم دیں جبکہ حکومت متاثرین کی مددپر فوکس کرے۔

سراج الحق نےکہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں سیاست میں مصروف اور سیلاب متاثرین کے لیے کچھ نہیں ہو رہا۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے، سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پوری قوم جاگ رہی ہے لیکن حکومت سو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2010ء کے سیلاب پر بھی حکمرانوں نے کرپشن اور نا اہلی کا مظاہرہ کیا، 2010ء میں سیلاب کے بعد بننے والے کمیشن کی سفارشات پر عمل نہیں کیا گیا، فلڈ کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج صورتحال اتنی سنگین نہ ہوتی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کاروں نے جانوں پر کھیل کر متاثرین کو ریسکیو کیا، بے گھر ہونے والوں کو ان کے گھروں میں بسانے کے اقدامات کیے جائیں۔

سیلاب کی تباہ کاریاں، اموات کی تعداد 13 سو سے تجاوز کرگئی

ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 13 سو سے تجاوز کرگئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں  سیلاب سے جاں بحق  افراد کی  تعداد ایک ہزار 325 تک پہنچ گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلا ب سے  سندھ میں مجموعی  522   افراد  جاں بحق ہوئے جبکہ بلوچستان  260 ،  پنجاب میں 189 ، گلگت بلتستان  22  اور آزاد کشمیر میں 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ  ملک بھر میں  5735 کلو ميٹر سڑک  بارشوں اور سيلاب سے متاثر ہوئی ہیں، سندھ میں 2500کلو ميٹر سڑک کو نقصان پہنچا جبکہ بلوچستان  میں 1500کلو ميٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 80 اضلاع  بارشوں اور سيلاب سے تاحال متاثر ہيں جبکہ 7 لاکھ 50 ہزار 481 مويشيوں کو بھی نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 افراد بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے سبب پاکستان کے چاروں صوبوں کے متعدد شہروں میں سیلاب آیا جس کے باعث کافی شہر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

مسلح افواج، حکومت اور انتظامیہ کے علاوہ عام شہری بھی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاکہ ملک کو اس بڑے امتحان سے فوری طور پر نکالا جائے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.