حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے پرعزم ہے، احسن اقبال
احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسٹیک ہولڈرز سے تعلق رکھنے والے شرکاء کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور تنظیم نو کے لیے حکومت تمام وسائل کو بروکار لا رہی ہیں، اس قومی مقصد میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان سیلابوں کی وجہ سے ہونے والی بے مثال تباہی ہماری نہیں بلکہ ترقی یافتہ دنیا میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کے پسماندہ ترین علاقے حالیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جو ہمارے لیے بڑا چیلنج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان پسماندہ اضلاع کی تعمیر نو اور تنظیم نو کے لیے بہت زیادہ وسائل درکار ہیں اور 20 پسماندہ اضلاع کے لیے ہونے والے اخراجات کا حجم 40 ارب روپے کے پہلے تخمینہ سے تجاوز کر جائے گا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ حکومت ان علاقوں کی تعمیر نو کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان علاقوں کے لوگوں میں احساس محرومی کو دور کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ سیلاب سے تباہ شدہ پاکستان کی تعمیر نو کے سلسلے میں کم از کم تین ممکنہ قابل عمل تجاویز دیں۔
Comments are closed.