حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پورا ملک متاثر ہوا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم نےکہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پورا ملک متاثر ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین قاضی محمد منصور دلاور کی سربراہی میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 2 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان فارماسیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے سیلاب متاثرین کیلئے 5 کروڑ روپے کی ادویات بھی عطیہ کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ اس آفت سے نمٹنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پورا ملک متاثر ہوا ہے اور اس افتاد سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھائی چارے اور مواخات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم قومی یکجہتی کے ذریعے اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے، پوری قوم اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مختلف متاثرہ علاقوں میں ادویات کی ضرورت کا تعین کرنے کے بعد پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ضرورت پڑنے پر مزید ادویات عطیہ کرنے کا بھی عہد کیا۔
دوسری جانب اسلامک ریلیف کے گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم احمد کی سربراہی میں وفد نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اسلامک ریلیف نے وزیراعظم کو بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ میں سیلاب زدگان کے ریلیف کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ انہوں نے وزیراعظم کو 3 کروڑ پاؤنڈ عطیہ جمع کرنے کے ہدف کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وفد میں اسلامک ریلیف کے کنٹری ڈائریکٹر آصف علی شیرازی اور کنٹری ایڈووکیسی سپیشلسٹ رضا قاضی بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چئیرمین نادرا محمد طارق ملک نے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 10 کروڑ روپے چیک پیش کیا۔
Comments are closed.