تحریک انصاف معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرے گی ،عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر سیاسی قیادت اور معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ابتر معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شوکت ترین کی جانب سے چئیرمین تحریک انصاف کو ملکی معیشت کو بہتری کی راہ پر ڈالنے اور غریبوں کو معاشی تباہی کے بدترین اثرات سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں سیاسی اور معاشی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی گئی۔
کمیٹی آئندہ چند روز میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی معاشی قیمت کے متعلق چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو آگاہ کرے گی، کمیٹی موجودہ معاشی بحران اور اس سے نکلنے کا جامع طریقہ کار بھی تجویز کرے گی۔
کمیٹی غریب اور نادار طبقہ کو معیشت کے بدترین اثرات سے بچانے اور ان کی امداد کے طریقہ کار بھی تجویز کرے گی جبکہ کمیٹی توانائی،صنعت، سماجی بہبود،تجارت،زراعت سمیت دیگر 17 شعبوں کے ماہرین سے خدمات لے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بھلی مستحکم اور ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا، ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر کے بغیر تیاری کے نااہل اور نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کیا گیا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ دیوالیہ پن کے کنارے پر کھڑی معیشت کو ساڑھے 3 برس میں استحکام کی دہلیز پر لانے کے لئے کی جانے والی محنت کو ہفتوں میں برباد کر دیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی تباہی کی دلدل سے نکالنے کا واحد رستہ صاف شفاف فوری انتخابات ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج عوام کا بڑا حصہ بدترین مہنگائی،بجلی کی ہوشربا قیمتوں اور معیشت کی سست روی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرے گی اور اپنے غریب طبقے کو بچانے کے لئے سوچ بچار کریں گے۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر،مرکزی سینئر نائب صدور فواد چوہدری اور ڈاکٹر شیریں مزاری اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین سمیت دیگر نے شرکت کی۔
Comments are closed.