اسحاق ڈار کل وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار کل وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈارکی حلف برداری کی تقریب کل صبح 10 بجے ایوان صدر میں ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسحاق ڈار سے حلف لیں گے۔
اسحاق ڈار چوتھی مرتبہ وزیر خزانہ بنیں گے، اس سے قبل اسحاق ڈار تین مرتبہ وزیر خزانہ کا منصب سنبھال چکے ہیں۔
اسحاق ڈار پیشے کے لحاظ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور وہ ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک میں ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔
اسحاق ڈار یو اے ای حکومت کے مالیاتی مشیر بھی رہ چکے ہیں جبکہ اسحاق ڈار 1993 سے 1996 اور 1997 سے 1999 تک ممبر قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔
اسحاق ڈار 1992 میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور وزیر مملکت صنعت کے عہدے پر فائز رہے، 1997 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیر تجارت بنایا۔
1998 کے ایٹمی دھماکوں کے بعد آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج کیلئے وزیر محصولات اور اقتصادی امور کا اضافی چارج دیا گیا جبکہ 2003 میں اسحاق ڈار پہلی مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے۔
2008 میں یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں کچھ عرصہ کیلئے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنایا گیا جبکہ 2011 میں اسحاق ڈار کو نشان امتیاز کیلئے نامزد کیا گیا لیکن انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے اعزاز لینے سے انکار کردیا۔
2013 میں ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد اسحاق ڈار تیسری مرتبہ وزیر خزانہ بنے،2017 میں اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔
اسحاق ڈار مارچ 2018 میں چوتھی مرتبہ سینیٹ کے ممبر منتخب لیکن حلف نہیں اٹھا سکے، گزشتہ روز پاکستان واپسی کے بعد اسحاق ڈار چوتھی مرتبہ وزیر خزانہ کا حلف اٹھائیں گے۔
Comments are closed.