اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا، فیاض الحسن چوہان
فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جس بیگم صفدر اعوان نے اپنا آڈیو ویڈیو میوزک سینٹر کھولا ہوا تھا، اسکی اپنی آڈیوز نکل آئی ہیں، آڈیو لیک یہی ہے کہ ‘ رانجھا رانجھا کردی نی میں آپے رانجھا ہوئی “۔
انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کا دعویٰ تھا کہ اس کے پاس ہر جج ، جرنیل اور سیاست دان کی آڈیوز موجود ہیں لیکن اب جب بیگم صفدر اعوان کی آڈیوز نکل آئی ہیں تو اسکی ہوائیاں اُڑی ہوئی ہیں، ابھی تو “ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا”۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے بھگوڑے اسحاق ڈار کو پاکستان واپس لایا گیا وہ ملک کے قانون کے ساتھ کھلواڑ ہے، اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا اور آج ملکی معیشت کا جو حال ہےاسکی جڑیں بھی اسحاق ڈار نے ہی بوئی تھیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جس طریقے سے اسحاق ڈار واپس آیا ہے وہ قابل افسوس ہے ، بھگوڑے اسحاق ڈار کو واپس لانے سے معیشت سدھرے گی نہیں بلکہ مزید برباد ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا معیشت سدھارنی ہے تو عمران خان کو دو تہائی اکثریت سے واپس لایا جائے، صرف عمران خان ہی امید کی کرن ہے جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ہر ورکر کا منشور ہے کہ ” صلح ہوگی جنگ ہوگی، عمران خان کے سنگ ہوگی”۔
Comments are closed.