اتحاد کے ذریعے قوم کڑے سے کڑے امتحان میں بھی سرخرو ہوسکتی ہے، وزیرِ خارجہ
پی پی پی چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اتحاد کے ذریعے قوم کڑے سے کڑے امتحان میں بھی سرخرو ہوسکتی ہے۔
یومِ دفاع پر پیغام دیتے ہوئے پی پی پی چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی قوم کو آج بھی اسی جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ اس نے 1965ع کی جنگ میں کیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حالیہ غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سدباب کرنے کے لیے اسی جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن مسلح افواج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے خاندانوں سے یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد کے ذریعے قوم کڑے سے کڑے امتحان میں بھی سرخرو ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارضِ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بے مثال کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے اسٹریٹجک دفاعی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ان پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کرنے پر پاکستانی قوم یک آواز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی ملک کی سلامتی اور دفاع کو لازوال بنانے کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
Comments are closed.