آزاد کشمیر میں اطلاعات کے شعبہ نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے، خالد خورشید
خالد خورشید نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں اطلاعات کے شعبہ نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پی آئی ڈی کمپلیکس مظفر آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
پی آئی ڈی کمپلیکس آمد پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات سمال انڈسٹریز و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نیئر، سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور محکمہ کے افسران نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے انہیں ڈیجیٹل و سوشل میڈیا، شعبہ اشتہارات، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا،ڈیکلریشن و مانیٹرنگ سیکشنز اور آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
بریفنگ کے بعد محکمہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ جنگوں کے میدان اب تبدیل ہو چکے ہیں اور سوشل میڈیا اس وقت جنگ کا سب سے بڑا میدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے محاذ پر اس وقت آزادکشمیر کامحکمہ اطلاعات کلیدی کردار ادا کررہا ہے جو ہمار ے لیے باعث تقلید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا مخصوص بیانیہ پروموٹ کرنے کی کوشش کرتا ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے ہم نے دنیا کو دکھانا ہے کہ ایک طرف آزاد خطہ میں میڈیا مکمل آزاد اور بیرون ملک سے سیاحوں کو یہاں آنے اور اس خطہ کی خوبصورت دیکھنے کی مکمل آزادی ہے جبکہ دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان نے بدترین پابندیاں لگائی ہوئی ہیں اور کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اطلاعات کے شعبہ نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے، محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان اور محکمہ اطلاعات آزادکشمیر مستقبل میں مل کر کام کریں گے اور اس حوالہ سے جوائنٹ ورکنگ ٹیم بنائیں گے تاکہ مستقل ورکنگ ریلیشن شپ قائم رہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں کو بھی اسطرح کی سہولیات دینے کیلئے آزادکشمیر پریس فاؤنڈیشن کی معاونت لیں گے اور جلد ہی جی بی کی ٹیم اس سلسلہ میں آزادکشمیر کا دورہ کریگی۔
وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا پی آئی ڈی کمپلیکس آمد پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر تعلیم آزادکشمیر دیوان علی خان چغتائی، وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی چوہدری محمد اقبال ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Comments are closed.