آج ایک بارپھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلینج کا سامنا ہے، وزیرخارجہ
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج ایک بارپھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلینج کا سامنا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن یہ عزم کریں کہ پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں جہاں جمہوریت مظبوط ہو۔
بلاول بھٹو کا بابائے قوم کو انکی برسی پر خراج عقیدت
بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم کو ان کی 74 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان جیسا عظیم کارنامہ قائدِاعظم کی جمہوری جدوجہد، بے مثل سیاسی بصیرت، مضبوط قوتِ ارادی اور دیانتداری کا نتیجہ ہے۔
‘قوم کو ہر مشکل امتحان میں قائدِاعظم کی پیروی کرنا ہوگی’
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ قائداعظم ملک میں سب کے لئے سماجی انصاف چاہتے تھے، قوم کو ہر مشکل امتحان میں قائدِاعظم کی پیروی کرنا ہوگی، جو ہر مشکل کے سامنے سینہ سپر رہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آج ایک بار پھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلینج کا سامنا ہے، ایک ایسی ریاست بنائیں جہاں آئین و پارلیمان کی بالادستی، انسانی حقوق کی پاسداری اور سب کے لئے اقتصادی مواقع میسر ہوں۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 74 واں یومِ وفات
بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 74واں یوم وفات آج اتوار 11 ستمبر کو انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاﺅں سے کیا گیا جس میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔
اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔
واضح رہے کہ آج اس عظیم شخصیت کا یوم وفات ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص، ایک الگ پہچان، ایک آزاد وطن کا تحفہ دیا۔
Comments are closed.