پاکستان مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اور ہر ایک سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی مذاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان بھارت سے ہر وقت بامعنی مذاکرات کے لئے تیار ہے اور کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت چاہتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات نے ماحول کو مزید کشیدہ کردیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بھارت قوانین کا خاتمہ کرکے بات چیت کے لئے ماحول سازگار بنائے۔

سیکورٹی فورسز نے 7 معصوم کشمیریوں کو شہید کردیا:

ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے 7 معصوم کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جبکہ بھارت پہلے بھی پاکستانی قیدیوں کو ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں قتل عام کر چکا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت ماورائے عدالت قتل ہونے والے پاکستانی قیدی تبارک حسین کی پوسٹ مارٹم پاکستان کو فراہم کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پاکستانی شہری تبارک حسین کی غیر قانونی حراست کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے پانچ ستمبر کو بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا تھا جہاں پاکستان نے تبارک حسین کے قتل پر بھارتی ناظم الامور سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

یاسین ملک کے متعلق بیان:

انہوں نے یاسین ملک کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن جادیو کو رنگے ہاتھوں پاکستان میں گرفتار کیا گیا لیکن ان سب کے باوجود پاکستان نےکلبھوشن کی اسکے خاندان سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج یاسین ملک غیر قانونی بھارتی حراست میں ہیں لیکن انکے خاندان والوں کو ان سے ملاقات کی اجازت دینی چاہیے ۔

پاک افغان میچ میں کشیدگی:

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ پاک افغان میچ میں کشیدگی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، کھیل کے مقابلوں میں ایسے جزباتی منظر سامنے آجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں۔

پاک امریکہ تعلقات:

انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کوایف 16 طیاروں کی مرمت  کے لئےسامان اور آلات فروخت کرنے کے لئے 45 کروڑ ڈالرز معاہدے کی منظوری دی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا پاکستان کی جانب سے امریکی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور تعلقات بھی صحیح سمت میں آگے جائیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران امریکی کانگریس کے وفد نے شیلا جیکسن لی کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور ان کی قیادت میں امریکی وفد نے پاکستانی حکام سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی کیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونی گوئتریس کا دورہ پاکستان:

ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونی گوئتریس کل 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے جس دوران وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کریں گے۔

اس دوران وہ بلوچستان اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جبکہ سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔

یو این سیکریٹری جنرل کو سیلاب سے تباہ کاریوں پر بریف کیاجائے گا جبکہ انہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات  ارے بھی آگاہ کیاجائے گا۔

اینتونی گوئتریس سے ریلیف ریسکیو کے بعد تعمیر نو اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

پاکستان میں سیلابی صورتحال:

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان بھر میں سیلاب اور بارشوں کے باعث تین کروڑ  تیس لاکھ افراد متاثر ہیں جبکہ تباہ کن سیلاب کے باعث 1200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور 13 ہزار افراد سے زائد افراد سیلاب سے زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یو این ایجنسیاں، این جی اووز اور عالمی برادری سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے پیش پیش ہیں جس کے لئے پاکستان عالمی برادری کا سیلاب سے نمٹنے کے لئے امداد اور یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترک وفد نے بھی اپنے دورے میں وزیراعظم سے ملاقات میں اوسط آمدنی کے گھروں کی تعمیر پر بات  چیت کی ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.