ٹیلی کام سیکٹر کی مشکلات کا حل بھی ہماری ترجیح ہے، امین الحق

امین الحق نےکہا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر کی مشکلات کا حل بھی ہماری ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویون گروپ کے سی ای او کان ترزیوگلو کی جاز سی ای او عامر ابراہیم کے ہمراہ وفاقی وزیر آئی ٹی سے ملاقات ہوئی جس میں ویون گروپ نے ٹیلی کام سیکٹر اور ضروری آلات کی درآمد کے حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی سے تفصیلی گفتگو کی۔

ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری(انچارج ) محسن مشتاق، ڈی جی ٹیلی کمیونیکیشن، سی ای او جاز عامر ابراہیم سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ جاز کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرچکی، جاز نے گذشتہ 4 سال میں نیٹ ورک توسیع و بہتری میں ایک ارب ڈالرز سے زائد لگائے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نےکہا کہ یہ اعدادو شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ملک ہے۔

 امین الحق نے یہ بھی کہا کہ ای صحت، ای تعلیم، ای زراعت اور ای کامرس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، ٹیلی کام سیکٹر میں صحت مند مقابلے کی فضا صارفین کو بہتر کنکٹیویٹی فراہمی کیلئے ضروری ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے مزید کہا کہ عوام کو بہتر کنکٹیویٹی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ٹیلی کام سیکٹر کی مشکلات کا حل بھی ہماری ترجیح ہے، وزیر اعظم ایڈوائزری کونسل میں ٹیلی کام سیکٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کردی ہیں۔

سی ای او ویون گروپ کان ترزیوگلو نے کہا کہ صحت مند اور مستحکم ٹیلی کام سیکٹر، ملک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی بنیاد اور معیشت کے استحکام کیلئے ضروری ہے، مستحکم پالیسیاں، فعال ریگولیٹری فریم ورک اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکتا ہے۔

سی ای او جاز عامر ابراہیم نے مزید کہا کہ مسائل کے حل اورسازگار ماحول کی فراہمی سے منافع بہتر،سرمایہ کاری میں اضافہ اور صارفین کو ڈیجیٹل سہویات کی فراہمی بہتر ہوتی ہے۔

Best Car Accident Lawyer

Comments are closed.