8 کمسن افغان بچوں کو بیلجیم اسمگل کرنے والا ملزم گرفتار

  8 کمسن افغان بچوں کو بیلجیم اسمگل کرنے والا ملزم گرفتارکرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے پشاور ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں   8 کمسن افغان بچوں سمیت 9 شہریوں کو بیلجیم اسمگل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ایک برطانوی شہری ہجرت اللہ کاؤنٹر پر آیا ، ہجرت اللہ کے ہمراہ ایک افغان خاندان کے 9 ارکان (1 خاتون اور 8 بچے) امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ افغان مسافر نے سفری دستاویزات امیگریشن کلیئرنس کے لیے  کاؤنٹر آفیسر اسد علی شاہ کو پیش کیں جبکہ افغان خاندان کی سربراہی مذکورہ ہجرت اللہ کر رہا تھا جو بیلجیم جا رہے تھے۔

ایف آئی اے حکام نے کہا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران معلوم ہوا کہ تمام 9 افغانی پاسپورٹ جعلی تھے، ابتدائی پوچھ گچھ پر خاتون مسافر نے انکشاف کیا کہ تمام پاسپورٹ ملزم ہجرت اللہ نے دیےتھے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ  مذکورہ بالا حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے افغان خاندان کو متاثرہ قرار دیا گیا، بعد ازاں انہیں ایئرپورٹ پر چھوڑ دیا گیا جبکہ ملزم ہجرت اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کو  قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Best Car Accident Lawyer