سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 60 فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانت پر ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میلو یہاں سے جیت گیا تو بہت برا ہوگا، جب آپ میلو کو ہرائیں گے تو پھر یہاں دوبارہ آؤں گا۔
‘پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے والا ہے’
انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو الیکشن ہونے والا ہے، یہ عام الیکشن نہیں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے والا ہے، الیکشن سے فیصلہ ہوگا پاکستان حقیقی آزاد ملک بنے گا۔
عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں جہاد ہے، ملک اور بچوں کے مستقبل کیلئے سب کو الیکشن کیلئے نکالنا ہے، دھاندلی کے باوجود انہیں پھینٹادیں گے، انہوں نےدھاندلی کا منصوبہ بنایا ہوا ہے، 15 ہزار جعلی ووٹ ڈالے جائیں گے۔
‘عدالتوں میں جانے سے نہیں ڈرتا’
سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ میرے خلاف ہر روز نئے مقدمات بنائے جارہے ہیں، فکر نہ کریں عدالتوں میں جانے سے نہیں ڈرتا، بڑے ڈاکوؤں کے اربوں روپے کے کیسز معاف ہورہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام مہنگائی میں ڈوب رہے ہیں، یہ اپنے قرضے معاف کرارہے ہیں، 60 فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانت پر ہے۔
‘جب سے مجرموں کی حکومت آئی دہشتگردی بڑھ گئی ہے’
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت تین گنا زیادہ ہوگئی، 50روپے فی یونٹ ہوگئی، اس ملک پر بڑے بڑے مجرموں کو مسلط کیا گیا ہے، ہم اپنے ملک کیلئے حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت تو بڑھ گئی لیکن فضل الرحمان کی قیمت نیچے آگئی ہے، فضل الرحمان آج250 روپے لیٹر ہے، پیٹرول 150روپے سے 236روپے فی لیٹر ہوگیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جب سے مجرموں کی حکومت آئی دہشتگردی بڑھ گئی ہے، چھوٹا چور جیل اور بڑا چور کابینہ میں ہے، اس سے پہلے مریم کو بری کیا گیا تھا اب زرداری کو بری کیا جائے گا۔