23 اگست سے پنجاب میں مزید مون سون بارشوں کا امکان بتایا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 اگست سے جنوبی پنجاب میں نئی مون سون سرگرمی شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ 20 سے 22 اگست تک دریائے سندھ کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں کے کیچمنںٹ ایریاز میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں نچلے درجے کے سیلاب کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ موسلادھار بارشوں سے ڈی جی خان ڈویژن میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں سے آنے والے سیلاب کے باعث دریائے سندھ میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے،جس سے علاقے میں سیلاب آ سکتا ہے البتہ انتظامیہ و دیگر ادارے بارشوں کے چوتھے اسپیل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری، آلات اور انتظامات مکمل رکھیں، احساس علاقوں سے لوگوں کو نکالا جائے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔