لاہور: پاکستان ریلوے نے 2 اکتوبر 2022 سے لاہور تا کراچی مرحلہ وار مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت وزارت ریلوے سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں 2 اکتوبر 2022 سے مرحلہ وار کراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان ریلوے نے یہ فیصلہ مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر کیا ہے۔
پاکستان ریلوے کے مطابق روہڑی تک بحال کی گئی 2 ٹرینوں میں خیبر میل ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کو 2 اکتوبر 2022 سے روہڑی کی بجائے کراچی تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں 5 اکتوبر 2022 سے لاہور اور کراچی کے درمیان قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس کو بھی اپنے مقررہ روٹ سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کا اوسط دورانیہ تقریباً 22 گھنٹے رکھا گیا ہے جب کہ انِ تمام ٹرینوں کواضافی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق سفری دورانیے کا جائزہ 30 روزکے بعد لیا جائے گا اور بتدریج اس کو کم کیا جائے گا۔