یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب


چودھری پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سینئر سیاستدان نذیر احمد جٹ کی ملاقات ہوئی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے، اصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے جو عمران خان کی قیادت میں ہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جبکہ میڈیکل کیمپس میں ضروری طبی سہولتیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کی ادویات وافر موجود ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میری ہدایت پر چیف سیکرٹری کامران افضل ایک بار پھر متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، متاثرین کی بحالی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ڈی ایم کی جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں، مخالفین کا بے حس رویہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے نزدیک مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی کوئی قدر نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے سیلاب سمیت ہر اہم موقع پر غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت پنجاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت اختلافات بھلا کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے۔

Best Car Accident Lawyer