پی ٹی آئی رہنما بلال غفار نے کہا ہے کہ یہ حکومت مریم نواز چلا رہی ہیں یا لندن میں بیٹھے نواز شریف؟
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بلال غفار نے خرم شیر زمان کے ہمراہ انصاف ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے لائیو پریس کانفرنس میں عمران خان کی گرفتاری کی بات کی، پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران خان کو گذشتہ روز کے وارنٹ پر گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا، آج ان کے اوچھے ہتھکنڈے سامنے آگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو این آر او ٹو دے دیا گیا ہے جس کے بعد اسحاق ڈار لندن سے وزیراعظم کے طیارے میں واپس ملک آیا، مریم نواز کو لندن فلیٹس کیس سزا کالعدم قرار دے دی گئی، امپورٹڈ حکومت کو وارننگ دیتا ہوں عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش بھی نہ کرنا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک خراش بھی آئی تو ن لیگ والے سن لیں کہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی، کراچی والے عمران خان کے ساتھ ہیں، آپ کو تھوڑی دیر بعد پی ٹی آئی اپنا لائحہ عمل دے گی۔
بلال غفار نے کہا کہ لائحہ عمل میں شاہراہ فیصل کی بندش وزیر اعلیٰ ہائوس اور بلاول ہائوس جانا شامل ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا گیا ہے۔