عمران خان نے کہا ہے کہ یہ الیکشن سے پہلے میری آخری کال ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں گوجرانولہ، ساہیوال ، گجرات اور ڈویژن کا اجلاس 90 شاہراہِ قائد اعظم میں منعقد ہوا جس میں سینٹرل پنجاب کی یوسی لیول تک تنظیموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ اور کرپٹ حکومت نے پانچ مہینوں میں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہےجبکہ یہ چوروں کا ٹولہ اپنے کرپشن کے کیسز ختم کروا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن سے پہلے میری آخری کال ہوگی جبکہ حقیقی آزادی کی تحریک کا جلد اعلان کرونگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے بم گرائے ہیں جبکہ کرائم منسٹر شہباز شریف نے 11 سو ارب روپے کے کرپشن کے کیسز بھی ختم کروائے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے موجودہ بحرانوں کا واحد حل جنرل الیکشن میں ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جو وفاق کی پارٹی ہے، تحریک انصاف کی نمائندگی چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موجود ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو ملک کی عوام کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اجلاس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، جنرل سیکرٹری حماد اظہر، سیکرٹری اطلاعات سینٹرل پنجاب عندلیب عباس، سینئر نائب صدور کرنل (ر) اعجاز منہاس، محمد احمد چٹھہ، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، شکیل نیازی، طارق حمید، عامر ڈوگر سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں سنٹرل پنجاب کے ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریز، تحصیلوں اور ٹائونز کے صدور وجنرل سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔