صدر مملکت نے کہا ہے کہ یو اے ای میں مقیم 16 لاکھ پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نامزد سفیر فیصل نیاز ترمذی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قابل تجدید توانائی، تجارت، صنعت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مہمان نوازی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم 16 لاکھ پاکستانی ایک اثاثہ ہیں اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے بھیجی گئی ترسیلات زر 2021-22 میں 5.814 بلین ڈالر رہیں جس نے پاکستان کو اپنی زرمبادلہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں بہت مدد دی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی لیکویڈیٹی اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے 2 بلین ڈالر فراہم کرنے کے اقدام کو بھی سراہا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں 2.9 بلین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آنے والے سالوں میں اس سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ وہ پاکستانی تارکین وطن کے پاکستان کے آن لائن اعلیٰ تعلیمی اداروں بشمول علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ ڈیجیٹل روابط پیدا کریں تاکہ ان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔