پاکستانی قوم کورونا وائرس کے باوجود آج اپنا 74 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے اور اس روز کی مناسبت سے صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغامات دیے۔
دونوں شخصیات نے قوم پر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد رہنے پر زور دیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت نے پیغام دیا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں بھارت کے غیرقانونی قبضے میں موجود جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے، جو بھارت کی سیکیورٹی فورسز کے وحشیانہ مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ 3 عشروں سے زائد سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور 5 اگست 2019 کے بعد وادی میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے ماورائے عدالت قتل بڑھ گئے ہیں۔
صدر نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا کہ ہر فرد ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنے کا پختہ عزم کرے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد رہے۔ ڈاکٹر عارف علوی کے مطابق ہمیں آج کا دن ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں ہمارے آباؤ اجداد نے دیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی اور ساتھ ہی اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن مٹی کے ان بیٹوں کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے مادر وطن کی علاقائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ دن توقف کرنے اور یہ ظاہر کرنے کا ایک موقع ہے کہ ہم ان نظریات کے حصول میں کتنے کامیاب ہوئے جس کے لیے ایک آزاد ریاست کا قیام عمل میں آیا تھا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے 7 دہائیوں کے سفر میں ہم نے مختلف چیلنجز کا سامنا کیا، ہم نے اندرونی اور بیرونی دونوں محاظ پر مشکلات کا مقابلہ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک کی دشمنی سے لیکر اس کے مذموم ارادوں کے ساتھ، دہشتگردی کی لعنت اور قدرتی آفات سے نمٹنے سے لےکر وبائی امراض تک ہماری قوم نے ہمیشہ لچک اور استقامت کا مظاہر کیا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہمیں آج ہمارے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہے اور ‘ایمان، اتحاد اور تنظیم’ کی روشنی میں ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ جہاں ہم یوم آزادی منارہے ہیں ہمارے دل مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے کا سامنا کرنے والے بھائیوں کے لیے بہت غمزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ہر دستیاب فورم پر بے بس کشمیریوں کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بی جے پی حکومت کی جاننب سے آر ایس ایس نظریہ اپناتے ہوئے خطے کی سلامتی اور امن کو لاحق خطرات سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بہادر کشمیریوں کی یہ جہدوجہد حق خود ارادیت کی ناقابل تسخیر تک جاری رہے گی۔