ہیکرز کی گرفتاری کے معاملے پر عجیب خبریں سننے کو مل رہی ہیں، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہیکرز کی گرفتاری کے معاملے پر عجیب خبریں سننے کو مل رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہیکرز کی گرفتاری کے معاملے پر عجیب خبریں سنائی دے رہی ہیں، اگر عام شہری وزیر اعظم آفس تک ایسی رسائی رکھتے ہیں کہ ہر بات ان تک پہنچ رہی ہے، تو پروفیشنل ہیکرز کیا کیا کر سکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ میری نظر میں یہ ایک لغو کہانی ہے جو پردہ ڈالنے کیلئے گڑی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثنا اور امین الحق کو لگانے کا مطلب ہی غیر سنجیدہ تحقیقات ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے فون بگ کرنے کے جرم میں 2 ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دونوں افراد کو ایک خفیہ ادارے نے گرفتار کیا ہے، ایک گرفتار شخص کا تعلق راولپنڈی کے ایک تعلیمی ادارے سے ہے اور دوسرا شخص وسطی پنجاب کے ایک شہر سے تعلق رکھتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کو قومی سلامتی کے ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے، دونوں سے تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران دونوں کے ہینڈلرز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں افراد وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی پر تعنیات اسٹاف سے رابطے میں تھے، سیکیورٹی پر تعنیات عملے کی بھی جلد گرفتاری کا امکان ہے۔

Best Car Accident Lawyer