چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ہم کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جو اسلامی نظام کے خلاف ہو۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی اے سی نور عالم کے ساتھ عزت اور احترام کا رشتہ ہے، انہوں نے بات کر دی تو یہ پارلیمان کی عزت کا معاملہ ہے، پارلیمنٹ کی عزت و احترام میں نہیں کرونگا تو کون کرے گا؟
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے دفتر کے باہر کوریڈور ختم کرنے کی ہدایت کر دی، اگر ارکان پارلیمنٹ کو کوریڈور سے کوئی مسئلہ ہے تو وہ ختم ہو جائے گا، چیئرمین پی اے سی کے اختیارات پر بات نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی کا خیال رکھنا زیادہ ضروری ہے، ٹرانسجینڈر کے بل پر تمام جماعتوں نے ترامیم جمع کرا دی ہے، سوموار کو کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم کوئی ایسا کام نہیں کرینگے جو اسلامی نظام کے خلاف ہو، ہم مل بیٹھ کر وہ کام کرینگے جو آئین پاکستان اور اسلامی اصولوں پر مبنی ہو۔