سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کہتا ہے ایک ہاتھ سے دو دوسرےہاتھ کو پتہ نہ چلے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیلاب زدگان میں رقم تقسیم کرنے کے لیے ایک جامع تصدیقی نظام قائم کیا ہے، اس نظام کے تحت متاثرین بینک میں چیک دیں گے اور انہیں پیسہ مل جائے گا کیونکہ تذلیل کرکے متاثرین کوپیسہ دینامیرے دین کیخلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے جمع عطیات کو شفاف طریقے سے خرچ کرنا بڑی ذمے داری ہے اور ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ متاثرین کو صرف گھر بنانے کے لیے پیسہ دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے سب سے نچلے طبقے کی مدد کرنی ہے، غریبوں کی مدد کرتے وقت سب سے اہم پہلو اس کے وقار کو برقرار رکھنا ہے، طیاروں سے کھانا پھینکتے ہوئے دیکھ کر شرمندگی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے ہم نے ملک میں وہ کام کیا جو امیر ممالک بھی نہیں کرسکے جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی ہماری بھر پور مدد کی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب اورکےپی میں ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ سہولت دی ہے جس کی مدد سے کسی بھی پرائیویٹ اسپتال میں جاکر مفت علاج کرواسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی ایک روزہ دورے پر ڈی آئی خان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔