ہمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ٹھیک کرنے کیلئے پوری قوم کی مدد چاہیے، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ٹھیک کرنے کیلئے پوری قوم کی مدد چاہیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان کیلئے اپیل کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ میں چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں، کل میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا کا دورہ کیا جبکہ آج میں خیر پور سندھ آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ایئر فورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے پر اس سال سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے، اس کو ٹھیک ہونے، لوگوں کو ریلیف دینے اور Rehabilitate کرنے میں بہت سال لگ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپیل کرتا ہوں اپنے تمام پاکستانی مخیر حضرات سے کہ وہ اس مشکل حالات میں اپنے ان بھائیوں کی جو اس وقت بہت ہی مشکل حالات میں ہیں، ان کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن فیڈرل گورنمنٹ، صوبائی گورنمنٹ اور آرمڈ فورسز کے وسائل محدود ہیں، آپ لوگ سامنے آئیں اور جس طرح سے بھی مدد کرنا چاہتے ہیں آپ ان لوگوں کی مدد کریں تاکہ ان لوگوں کو ہم Rehabilitate کر سکیں۔

آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا کہ دوست ممالک سے ہم نے اور ہماری حکومت نے درخواست کی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ وہ ہماری مدد کیلئے ضرور راضی ہو جائیں گے۔

آرمی جیف کا سیلاب سے متاثرہ اندرون سندھ کا دورہ

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب سے متاثرہ اندرون سندھ کا بھی دورہ کیا جس میں انہوں نے خیر پور اور قمبر شہداد کوٹ کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔

اس دوران آرمی چیف نے آرمی ریلیف اور طبی کیمپوں میں مقامی افراد کے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔

مقامی لوگوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں آکر اظہار یکجہتی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اس موقعے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی کاموں میں مصروف فوجی جوانوں کے جذبے کو بھی سراہا۔

Best Car Accident Lawyer