خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات پر پی ڈی ایم قیادت کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کے خلاف مقدمات مقدمات کریمینل پروسیجر کوڈ کے سیکشن 196 کے تحت درج کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقدمات درج کرنے کے لئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈی آئی خان منیر احمد کو سیکشن 196 کے تحت اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔
ان کے مطابق مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشنز 108A 153A اور 505 کے تحت درج کئے جائیں گے جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سابقہ وفاقی وزیر و رہنما پی ٹی ائی علی امین گنڈاپور کی شکایت پر مقدمات درج کریں گا۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ مقدمات ماضی میں فوج، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات کی بناء پر درج کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم نے عمران خان کے بیان پپر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی نے جلسہ عام میں خاتون جج کے خلاف توہین اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے جس سے خاتون جج سمیت پورے نظام عدل کی توہین ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آئین ،قانون،اداروں،اور پاکستان سے بالاتر نہیں ہے، ان کو آئین اور قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئیے معاف نہیں کرنا چاہئیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر نظام عدل،نظام انصاف اور ان کے چوکیداروں کا لاج رکھناہے تو عمران نیازی کو عبرتناک سزا دیناضروری ہے۔