پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2012 میں بھارت کے خلاف آخری دو ملکی سیریز کے لیے کرکٹرز کی بیگمات کو ان پر نظر رکھنے کے لیے بھیجا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی نے انکشاف کیا کہ بھارت میں کھلاڑیوں کو کسی بھی قسم کے تنازع سے بچانے کے لیے کھلاڑیوں کی بیگمات کو انکے ہمراہ بھیجا گیا تھا جس میں بورڈ کامیاب بھی رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی کے اقدام پر کچھ کھلاڑیوں نے اعتراض اٹھایا تھا تاہم بعد میں انہوں نے بورڈ کے اعلیٰ حکام کی بات مان لی تھی۔
ذکاء اشرف نے بتایا کہ بورڈ کے اس فیصلے سے بھارت کا دورہ کرنے والا ہر کھلاڑی نظم و ضبط کا پابند رہا جبکہ اس سے قبل بھارتی میڈیا ہمیشہ ہمارے کھلاڑیوں کو کسی نہ کسی تنازع میں پھسانے میں کامیاب ہوجاتا تھا۔
یاد رہے کہ سال 2012 میں دورہ بھارت کے لیے جانے والی پاکستانی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر روایتی حریف کو ون سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی جبکہ ٹی20 سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔