دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا سے دنیا کے سب سے بڑے متاثر ملک امریکا میں بھی سینما کھل گئے اور وہاں فلموں نے ریکارڈ کمائی بھی کی۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا کی متعدد ریاستوں کے بڑے اور درمیانے شہروں میں سینما ہالز کھل گئے۔
ریاست فلوریڈا، ٹیکساس اور جارجیا سمیت دیگر ریاستوں میں بھی سینما کھلے تو ہولی وڈ تھرلر فلم ‘ان ہنجڈ’ کو ریلیز کیا گیا، جس نے پہلے ہی ہفتے ریکارڈ کمائی کی۔ امریکا بھر میں رواں برس مارچ کے آغاز میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سینما ہاؤسز بند کرکے فلموں کی نمائش روک دی گئی تھی، جب کہ نئی فلموں کی شوٹنگ بھی بند کردی گئی تھی۔
اگرچہ امریکا میں کورونا کے کیسز تیزی سے آتے رہے، تاہم اس باوجود وہاں پر انتہائی سخت لاک ڈاؤن نہیں دیکھا گیا اور کئی ریاستوں کے تفریحی اور عوامی مقامات بھی کھلے رہے۔
اب کورونا کے کیسز میں تھوڑی سی کمی کے بعد اگست کے وسط کے بعد سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ سینما ہاؤسز کھولے گئے تو امریکا بھر کے 1800 سے زائد سینما ہاؤسز میں تھرلر فلم ‘ان ہنجڈ’ کو ریلیز کیا گیا۔
‘ان ہنجڈ’ کی ٹیم نے ابتدائی طور پر فلم کو جہاں 1800 سینماؤں میں ریلیز کیا ہے، وہیں ٹیم فلم کو آئندہ ہفتے تک مزید 2300 فلموں میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اگرچہ امریکا کی چند ریاستوں میں سینما کھول دیے گئے ہیں، تاہم کیلی فورنیا، نیویارک اور نیو جرسی جیسی زیادہ سینما والی ریاستوں میں تاحال سینما بند ہیں اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہاں ستمبر کے وسط تک سینما بند رہیں گے۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ایک اور ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امریکا کی چند ریاستوں کی طرح کینیڈا کی چند ریاستوں میں بھی سینما کھول دیے گئے۔
کینیڈا کی بھی متعدد ریاستوں میں ایک ہزار سے زائد سینما کھول دیے گئے اور وہاں سائنسدان کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘ٹیسلا’ ریلیز کردی گئی۔
چار ماہ سے زائد عرصے تک سینما ہاؤسز بند ہونے کے باعث کورونا کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں سینما ہالز کا رخ کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں جنوبی کوریا اور برطانیہ میں بھی سینما ہالز کھول دیے گئے ہیں اور وہاں ہولی وڈ ایکشن فلم ‘ٹینیٹ’ کو ریلیز کیا گیا ہے۔
‘ٹینیٹ’ کی ٹیم نے فلم کو آئندہ ماہ ستمبر تک پاکستان میں بھی ریلیز کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم تاحال ملک میں سینما ہالز نہیں کھولے گئے۔
اگرچہ حکومت نے گزشتہ ماہ جولائی میں ہی سینما ہالز کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی تھی، تاہم تاحال ملک میں سینما بند ہیں مگر خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ماہ تک کچھ سینما کھول دیے جائیں گے۔