کورلش عثمان کے نئے سیزن کے منتظر مداحوں کیلئے اچھی خبر

مقبول ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے 5 سیزن مکمل ہونے کے بعد اس کی کہانی کو کورلش عثمان کے سیزن 1 سے آگے بڑھایا گیا۔ کورلش عثمان سیزن ون میں ارطغرل غازی کے بیٹے عثمان کی جوانی کی جدوجہد کو دکھایا گیا تھا جو منگولوں اور کلوچسائیار قلعے میں موجود دشمنوں کے خلاف تھی۔ پہلے سیزن کا اختتام جون کے آخر میں ہوا اور جس موڑ پر اسے ختم کیا گیا، اس نے لوگوں کے اندر دوسرے سیزن کے اشتیاق کو بڑھا دیا تھا اور جب سے وہ اس کا انتظار کررہے ہیں۔

پہلے ان کے بال لمبے دکھائے گئے تھے مگر اب وہ چھوٹے کردیئے گئے ہیں جبکہ اب ڈاڑھی کا اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔ براق اوزچیویت نے اس پوسٹر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جسے ڈرامے کے لکھاری اور پروڈیوسر محمد بوزداغ نے بھی پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ہم واپس آرہے ہیں۔

براق اوزچیویت نے اس روپ میں ایک اور پوسٹ بھی کی تھی جس میں وہ ایک گاڑی میں سفر کررہے تھے۔ اس بار ڈرامے میں چند کرداروں کا اضافہ بھی ہورہا ہے جن میں سے ایک جنید آرکین ہیں جن کو ترکی میں لیجنڈ اداکار کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ Erkan Avcı اور Kanbolat Görkem Arslan بھی اس ڈرامے کا حصہ بن رہے ہیں۔

ارطغرل کا کردار کورلش عثمان کے سیزن 1 میں نظر نہیں آیا تھا اور اب بھی کہنا مشکل ہے کہ سیزن 2 میں ان کی واپسی ہوگی یا نہیں، یا 5 سیزن تک ارطغرل کے روپ میں نظر آنے والے انجین التان دوزیتان ہی اس کردار کو ادا کریں گے یا کوئی اور اداکار اس کے لیے منتخب ہوگا۔

اسی طرح ترگت الپ کی واپسی کے بارے میں بھی ابھی کچھ معلوم نہیں، تاہم ارطغرل میں اس کردار کو ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون نے کچھ عرصے پہلے پاکستانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کورلش عثمان کا حصہ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا ‘میں جانتا ہوں کہ لوگوں کی خواہش ہے کہ میں یہ سیریز کروں لیکن میں اس میں واپس نہیں آؤں گا’۔ ارطغرل کے کرداروں میں سے صرف بامسی اور عبدالرحمٰن کورلش عثمان کے سیزن 1 میں نظر آئے تھے۔

خیال رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔