کنگنا رناوٹ اپنی آنے والی فلم میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی

اپنے متنازع بیانات سے آئے دن خبروں میں جگہ بنانے والی بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے اپنے آنے والی فلم میں بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

کنگنا رناوٹ اس سے قبل تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جیا للیتا کی زندگی پر بننے والی فلم ‘تھالاوی’ کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔

اور اپنی آنے والی فلم میں وہ ایک اور بھارتی خاتون سیاستدان کا کردار نبھائیں گی۔

اندرا گاندھی کا کردار ادا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فلم ان کی زندگی پر مبنی نہیں ہوگی لیکن اس میں بھارتی سیاسی تاریخ بشمول آپریشن بلیو اسٹار اور ایمرجنسی جیسے اہم واقعات شامل ہوں گے۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ یہ فلم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی نہیں، یہ ایک طویل دورانیے پر بنی فلم ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ مختصراً کہا جائے تو یہ ایک پولیٹیکل ڈراما ہے جو میری نسل کے لوگوں کو موجودہ بھارت کا سیاسی و سماجی منظرنامہ سمجھنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی نامور اداکار اس فلم کا حصہ ہوں گے جو سیاسی رہنماؤں سنجے گاندھی، راجیو گاندھی، موراجی دیسائی، لال بہادر شاستری اور دیگر کے کردار ادا کریں گے۔

اس فلم کے علاوہ کنگنا رناوت ‘دھاکد’ اور ‘تیجس’ نامی فلموں میں اداکاری کریں گی اور وہ ان دنوں بھوپال میں ایکشن تھرلر فلم دھاکد کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں انہوں نے اپنی منی کارنیکا کا سیکوئیکل ‘منی کارنیکا ریٹرنز: دی لیجنڈ آف دِدا’ بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔