بھارت میں اس وقت کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے کافی ہلچل مچی ہوئی ہے۔ بھارتی حکومت کسانوں کی آواز کو دبانے کے لیے تشدد تک سے گریز نہیں کررہی۔ سونے پہ سہاگہ امریکی گلوکارہ ریحانہ کی بھارتی کسانوں کے حق میں ٹوئٹ نے بھارت کو دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔
وہ تمام لوگ جو کسانوں کے ساتھ ہیں ریحانہ کے ٹوئٹ کو سراہ رہے ہیں جب کہ کنگنا رناوت سمیت متعدد بالی ووڈ اداکارگلوکارہ ریحانہ کے ٹوئٹ سے بالکل بھی خوش نہیں ہیں۔ ریحانہ کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ تاپسی پنوں نے ٹوئٹ کیا اگر ایک ٹوئٹ آپ کے اتحاد کو جھنجھوڑ دیتا ہے، اگر ایک مذاق آپ کے یقین کو جھنجھوڑ دیتا ہے اور اگر ایک شو آپ کے مذہبی عقیدے کو جھنجھوڑ دیتا ہے تو وہ آپ ہیں جسے اپنے اقدار کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے دوسروں کے لیے ’پیروپیگنڈہ ٹیچر‘ نہ بنیں۔
تاپسی پنوں کے اس ٹوئٹ پر کنگنا رناوت نے ردعمل دیتے ہوئے انہیں بی گریڈ اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا بی گریڈ لوگوں کی بی گریڈ سوچ۔ آپ کو اپنے ملک کے لیے کھڑا ہونا چاہئے کیونکہ یہی کرم ہے یہی دھرم ہے (کیونکہ یہی ہمارا فرض ہے)۔ صرف فری فنڈ کا کھانے والے مت بنو، اس ملک کا بوجھ۔۔ اسی لیے میں ان لوگوں کو بی گریڈ کہتی ہوں۔ ان مفت کا کھانے والوں کو نظرانداز کریں۔