مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوشش کی مزاحمت کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
آزاد جموں و کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے کشمیر میں مہم چلانے کے لیے نہیں آنا پڑتا بلکہ کشمیر میرا گھر ہے، جس طرح نواز شریف کی رگوں میں کشمیر کا خون ہے، اسی طرح مریم نواز کے رگوں میں بھی کشمیر کا خون ہے، نواز شریف اور مریم نواز کا کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ راجا فاروق حیدر نے قدم بڑھایا ہے اور اب آپ ساتھ دیں، انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کا کلچر تبدیل کرتے ہوئے وفاداری کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
عوام کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہر جگہ یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا تو اس نعرے کو پورا کرنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے اور کشمیریوں کی اس خواہش کو پورا کرنے کے نواز شریف اور راجا فاروق حیدر جیسے شیر چاہیئں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسے کشمیر فروش، بزدل انسان جو کشمیر کا مقدمہ ہار کر آیا، اس کا کام توڑنا ہے اور اب وہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھنے والو، ووٹ چوری کی عادت رکھنے والو، کشمیر کے ووٹوں پر اگر تم نے ڈاکا ڈالا تو یاد رکھنا اس دفعہ تمھارا مقابلہ شیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ ہے، اگر تم نے کشمیریوں کا ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو راجا فاروق حیدر تمہیں نہیں چھوڑے گا۔
مریم نواز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرے وطن تیری جنت میں آئیں گے ایک دن، ستم شعار سے تم کو چھڑائیں گے ایک دن، ان شااللہ نواز شریف کی قیادت میں ایک دن چھڑائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں سے 8 میل کی دوری پر لائن آف کنٹرول ہے اور جس سے سڑک سے میں یہاں آئی ہوں یہ سڑک سیدھی سری نگر جاتی ہے، تو میرا سرحد پار بھی یہی پیغام ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، نواز شریف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑےہیں۔